جمعہ، 8 جون، 2012

ایکولوجی اور اینوائرمنٹ!

سائنس کی زبان کو سمجھنے اور سمجھانے کیلئے اصطلاح کا درست ہونا بھی اشد ضروری ہے؛ کیونکہ اگر اصطلاح کا صحیح مفہوم واضح نہ ہو، تو بات ٹھیک سے ذہن میں نہیں بیٹھ پاتی۔ ایسا ہی کچھ معاملہ اصطلاحات ’’ایکولوجی‘‘ (Ecology) اور ’’اینوائرونمنٹ‘‘ (Environment) کا ہے؛ جو خود ہمیں کئی سال تک پریشان کرتی رہی ہیں۔ ان دونوں اصطلاحات کو کم و بیش تمام تر انگریزی اُردو لغات میں ’’ماحول‘‘ اور ’’ماحولیات‘‘ کے نام سے اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے۔  یہ حقیقت ہے کہ دونوں الفاظ (ایکولوجی اور اینوائرونمنٹ) ماحول ہی کی نمائندگی کرتے ہیں، لیکن پھر بھی دونوں میں فرق ہے۔ اینوائرونمنٹ سے مراد کوئی بھی ماحول ہوسکتا ہے: وہ خلاء بھی ہوسکتی ہے، زمینی فضا بھی ہوسکتی ہے اور کسی ستارے کا جھلساتا ہوا بیرونی حصہ بھی۔ یعنی اینوائرونمنٹ کے تحت بیان ہونے والے کسی بھی ماحول میں زندگی کی کوئی شرط نہیں۔  اس کے برعکس، ایکولوجی ایک وسیع البنیاد اصطلاح ہے۔ پینگوئن ڈکشنری آف سائنس (2009ء) کے مطابق، ایکولوجی سے مراد جانداروں کا ایسا مطالعہ ہے جو اِرد گرد کے ماحول (اور اس ماحول میں موجود دیگر جانداروں) سے اُن کے تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ ایکولوجی میں کئی ایک موضوعات شامل ہیں جن میں فعلیات (فزیالوجی) سے لے کر جینیات (جینیٹکس) تک، کئی سائنسی شعبے شامل ہیں۔  اُمید ہے اب آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ اینوائرونمنٹ اور ایکولوجی کو ’’ماحول‘‘ کی یکساں اصطلاح سے کیوں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ بتاتے چلیں کہ گزشتہ چند سال سے ہم نے ’’گلوبل سائنس‘‘میں  (اینوائرونمنٹ) کیلئے ماحول اور ماحولیات، جبکہ  (ایکولوجی) کے لئے ’’حیاتی ماحول‘‘ اور ’’حیاتی ماحولیات‘‘ کے اُردو مترادفات اختیار کررکھے ہیں۔  گر قبول افتد، زہے عزوشرف۔                              ماہنامہ گلوبل سائنس کی تحریرسائنس کا بازیچہ الفاظ: ایکولوجی اور اینوائرونمنٹ  سے ماخوذ                                                                                                                    

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں